وی او اے کے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

blank

ہمارے بارے میں

وائس آف امریکہ کی اردو سروس کا آغاز 1953ء میں ہوا تھا، جس کا مقصد برصغیر کی اردو سمجھنے والی آبادی تک پہنچنا تھا۔ کئی عشروں تک یہ سروس صرف ریڈیو تک محدود رہی، لیکن 2005ء میں ٹیلی ویژن اور اسی سال ویب سروس کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ اس وقت ہماری ویب سائٹ کا شمار اردو کی چند مقبول ترین ویب سائٹوں میں ہوتا ہے۔

ہماری ریڈیو سروس ’ریڈیو آپ کی دنیا‘ کہلاتی ہے، جس کے پروگرام میڈیم ویو 972 اور 1539 کلو ہرٹز پر پاکستانی وقت کے مطابق روزانہ شام 7 بجے شروع ہوتے ہیں اور صبح 7 بجے تک جاری رہتے ہیں۔ ان پروگراموں میں پاکستان، جنوبی ایشیا اور پوری دنیا کی تازہ ترین خبریں، حالاتِ حاضرہ، صحت، ادب و ثقافت، خواتین کے مسائل، سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، امریکی زندگی، اور عام دلچسپی کے دیگر موضوعات پر فیچر ز سنوائے جاتے ہیں۔ پروگراموں کے دورا ن مقبولِ عام پاکستانی اور ہندوستانی گیتوں کے ساتھ ساتھ مغربی موسیقی بھی پیش کی جاتی ہے۔ اس طرح ’ریڈیو آپ کی دنیا ‘ایک ہی جگہ پر خبروں، معلومات اور تفریح کا ایک دل چسپ اور متوازن امتزاج پیش کرتاہے۔

جن سامعین کو خبروں اور حالاتِ حاضرہ سے خصوصی دلچسپی ہے، ان کے لیے ہم روزانہ ایک ایک گھنٹے کے دو خصوصی پروگرام ’ان دی نیوز‘ اور ’راؤنڈ ٹیبل‘ براہِ راست پیش کرتے ہیں جو صرف خبروں اور حالاتِ حاضرہ پر مشتمل ہوتے ہیں۔ ان پروگراموں میں ممتاز دانش ور اور مبصرین اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کرتے ہیں۔

’خبروں سے آگے‘ وائس آف امریکہ اردو سروس کا ٹیلی ویژن پروگرام ہے جو ہفتے میں پانچ بار حالاتِ حاضرہ کا پس منظر، سیاق و سباق اور تجزیہ جدید اور معیاری طرزِ پیش کش کے ساتھ نشر کرتا ہے۔

جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ’خبروں سے آگے‘ہفتہ اور اتوار کےسوا ہر روز شام ساڑھے چھ بجے ’ایکسپریس نیوز ٹیلی ویژن‘ پر دل چسپ اور منفرد انداز میں تازہ ترین خبریں، معاشرتی اور سماجی موضوعات پر مبنی رپورٹیں، انٹرویو اور تبصرے دکھاتا ہے۔