شبانہ اعظمی بالی وڈ کا وہ چہرہ ہے جو کسی تعرف کا محتاج نہیں ہے۔ آج جمعے کے دن ان کی 59 ویں سالگرہ ہے، تاہم شبانہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اپنے ایک قریبی دوست کے گزر جانے کی وجہ سے اپنا جنم دن اور عید کا تہوار دونوں نہیں منائیں گی۔

بالی وڈ کو انکور، معصوم، تہذیب، ہنی مون ٹریولز، فائر اور مکڑی جیسی ہٹ فلمیں پیش کرنے والی شبانہ سماجی کاموں میں بھی سرگرم رہتی ہیں۔ ممبئی میں کچی بستی میں مقیم غریبوں کے حق کی بات ہو یا پھر ممبئی جیسے وسیع شہر میں اقلیتی طبقے کو مذہب کے نام پر گھر نہ فروخت کرنے کی کڑوی سچائی ہو، شبانہ نے ہر موقعے پر اپنی آواز بلند کی ہے۔
 
خیال رہے کہ اپنے کیریر کے پہلی فلم انکور کے لیے شبانہ کو نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ شبانہ نامور شاعر کیفی اعظمی کی بیٹی اور مشہور نغمہ نگار اور شاعر جاوید اختر کی اہلیہ ہیں۔

پڑوسی ملک نیپال کے شہر کاٹھمنڈو میں اپنا ہٹ اسٹیج ڈرامہ ’تمھاری امرتا‘ کے شو کرنے کے بعد شبانہ نے یہ اعتراف کیا کہ وہ ایک جگہ ٹک کر رہنے والوں میں سے نہیں ہیں۔ سنیچر کے دن شبانہ جنوبی افریقہ جائیں گی جہاں ان کی چنندہ فلموں کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد شبانہ بنگلہ دیش کے شھر ڈھاکہ جائیں گی۔
 
کمرشل سنیما کے ساتھ ساتھ متوازی سنیما میں اپنی منفرد پہچان بنانے والی شبانہ نے یہ اعتراف کیا کہ ان کے مسلسل باہر رہنے کی وجہ سے ان کے شوہر انہیں خانہ بدوش کے نام سے پکارتے ہیں۔

بالی وڈ فلمساز اور اداکار فرحان اختر اور ان کی بہن زویا اختر شبانہ کے سوتیلے بچے ہیں۔

اپنے 35 سالہ طویل فلمی سفر میں پانچ نیشنل ایوارڈ جیتنے والی شبانہ نے منڈی، سٹی آف جوائے اور فائر جیسی متنازع فلموں کے ذریعے بھی عالمی سطح پر فلم نقادوں کی داد و تحسین حاصل کی۔