افغانستان کے صوبے فرح میں جمعہ کے روز ایک خودکش بم دھماکے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔  پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اُس نے ایک پرہجوم علاقے میں پولیس افسرکو نشانہ بنایا جو اپنے دو محافظوں سمیت ہلاک ہوگیا۔

صوبہ فرح میں اس سے قبل بھی طالبان شدت پسند حملے کرتے آئے ہیں۔  دہشت گردی کا یہ تازہ واقعہ افغان صدر حامد کرزئی کے دوسری مدت صدارت کے حلف اُٹھانے کے ایک روز بعد پیش آیا ہے۔  صدر کرزئی نے جمعرات کو کابل میں نئی پانچ سالہ مدت کے لیے ملک کے صدر کا حلف اُٹھانے کے بعد بدعنوان سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کرنے اور آئندہ پانچ سالوں کے دوران ملک کی حفاظت اور استحکام لانے کی ذمہ داریاں افغان سکیورٹی فورسز کو منتقل کرنے کا عزم کیا تھا۔