ایک سال سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی کساد بازاری کے بعد امریکی معیشت  میں جولائی،  اگست اور ستمبر میں دوبارہ بہتری  کے آثار دیکھے گئے ہیں۔

جمعرات کے روز محکمہٴ تجارت کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سال کی تیسری سہ ماہی میں  امریکہ کی قومی  مجموعی پیداوار میں تین اعشاریہ پانچ فی صد سالانہ کی شرح سے اضافہ ہواہے۔ اضافے کی یہ رفتار اکثر معاشی ماہرین کی پیش گوئیوں سے زیادہ ہے۔

اشیا اور خدمات کے حوالے سے  ملکی قومی پیداوار میں اضافہ معاشی بحالی کی جانب اہم ترین قدم سمجھا جاتا ہے۔

کچھ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کے امدادی پروگراموں کے نتیجے میں مکانوں کی تعمیر میں اور صارفین کی خریداری میں اضافہ ہوا،  جس نے معاشی ترقی میں کردار ادا کیا ہے۔  رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سال کی تیسری سہ ماہی میں صارفین کی خریداری میں تین اعشاریہ چار فی صد سالانہ کی شرح سے نمایاں اضافہ ہوا۔  

معاشی ماہرین صارفین کی خریداری پر گہری نظر رکھتے ہیں کیونکہ امریکی معیشت میں صارفین  کی سرگرمیوں کا حصہ دو تہائی ہے۔