انسان نے پہلی بار چاند پراپنے قدم 20 جولائی 1969 میں رکھے تھے لیکن خوابوں اور خواہشوں کے اس سفر کی عملی ابتدا چار اکتوبر 1957 کو اس وقت ہوگئی تھی جب روس نےاپنا پہلاسیٹلائٹ سپوتک خلا میں بھیجا تھا۔سپوتک سے چاند کی سطح پر نیل آمسٹرانگ کے اترنے تک کے اس سفر کے دوران انسان جن مراحل سے گذرا ان میں سے چند اہم مراحل یہ ہیں۔
تین نومبر 1957 کو روس نے خلائی جہاز کے ذریعے ایک کتا ’لیکا (Laika) خلا میں بھیجا لیکن روانگی کے چند ہی گھنٹوں کے بعد وہ خلائی جہاز کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے اور خوف کے باعث ہلاک ہوگیا۔
11 جنوری 1958 کو امریکہ بھی اس خلائی دورڑ میں شریک ہوگیا اور اس نے پہلا سیٹلائٹ ’ایکسپلورر‘(Explorer) خلا میں لانچ کیا۔یہ سیٹلائٹ تین سال تک زمینی مرکز پر سائنسی ڈیٹا بھیجتا رہا۔
17 مئی 1958 کوامریکی خلائی ادارے ناسا کا قیام عمل میں آیا۔
28 مئی 1959 کو امریکہ نے اپنے فلوریڈا کے خلائی مرکز سے جوپیٹر اے ایم 18 راکٹ کے ذریعے خلا میں بندر بھیجے جنہیں چند گھنٹے خلا میں رہنے کے بعد کامیابی سے زمین پر زندہ اتار لیا گیا۔
12 اپریل 1961 وہ دن ہے جب روس سے تعلق رکھنے والے خلاباز یوری گاگرین نے زمین کے مدار کے گرد چکر لگا کر خلا میں جانے والے پہلے انسان کا اعزاز حاصل کیا۔
پانچ مئی 1961 کو ایلن شیپرڈ خلا میں جانے والے پہلے امریکی خلاباز بن گئے۔
25 مئی 1961 کو امریکی صدر جان ایف کینیڈی نے کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایک چیلنج کے طورپر اس عشرے کے آخرتک اپنا خلاباز چاند کی سطح پر اتاردے گا۔
20 فروری 1962 کو ایک امریکی خلاباز جان گلین نے زمین کے مدار کے گرد تین چکر لگائے۔
تین اکتوبر 1962 کو ایک اور امریکی خلاباز والٹر شیرا نے زمین کے مدار میں چھ چکر لگائے۔
17 اکتوبر 1963 کو ویلنٹیا ٹرشکووا خلا میں جانے والی دنیا کی پہلی خاتون بن گئیں۔
31 جولائی 1964 کو خلائی راکٹ رینجر 7 نے پہلی بار چاند کی قریب سے اتاری جانے والی تصویریں زمینی مرکز کو بھیجیں۔
18 مارچ 1965 کو پہلے خلاباز نے خلا میں 12 منٹ تک چہل قدمی کی۔ یہ روسی خلاباز ایلکسی لیونو ف تھےاور انہوں نے یہ خلائی چہل قدمی اپنے خلائی جہاز کے قریب کی۔
تین جون 1965 کو پہلے امریکی خلاباز ایڈ وائٹ نے خلا میں چہل قدمی کی۔
تین فروری 1966 کو روس کا خلائی جہاز لونا ۔نائین چاند پراترا۔ یہ چاند پراترنے والا پہلا خلائی جہاز تھا۔
تین اپریل 1966 کو لونا۔ ٹین چاند کے مدار میں چکر لگانے والا پہلا سیٹلائٹ بن گیا۔
دو جون 1966 کو پہلے امریکی خلائی جہاز سرویئر ۔ون نے چاند پر لینڈنگ کی۔
27 جنوری 1967 کو تین امریکی خلاباز گس گریسم ، ایڈ وائٹ اور راجر چیفی، اپالو ۔ون میں لانچنگ پیڈ پر ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے ۔
24 اپریل 1967 کو روسی خلاباز ولادی میر کوماروف اس وقت ہلاک ہوگئے جب خلائی جہاز سویوز ۔ون کے ذریعے پرواز کے بعد واپسی پر ان کا پیراشوٹ نہ کھل سکا۔
15 ستمبر 1968 کو روسی خلائی جہاز زوند۔فائیو چاند کے مدار کے گرد چکر لگا کر زمین پر کامیابی سے واپس آنے والا پہلا خلائی جہاز بن گیا۔
21 دسمبر 1968 کو اپالو ۔8 کامیابی سے چاند کا سفر کرکے زمین پر واپس اترا۔ اس خلائی جہاز میں تین خلاباز، فرینک بور مین، جیمز لوویل اور ولیمز اینڈرز سوار تھے جنہوں نے کرسمس کے موقع پر خلائی جہاز سے ہی اپنا پیغام بھیجا جسے براہ راست دنیا بھر میں نشر کیا گیا۔
16 جولائی 1969 کو اپالو ۔11 فلوریڈا کے خلائی مرکز کیپ کینیڈی سے چاند کے لیے اپنے سفر پر روانہ ہوا۔اس خلائی جہاز میں نیل آرمسٹرانگ، بز ایلڈرین اور لیفٹیننٹ کرنل مائیکل کولنز سوار تھے۔
20 جولائی 1969 کو نیل آرمسٹرانگ اور بز ایلڈرین چاند پر قدم رکھنے والے پہلے امریکی خلاباز بن گئے جب کہ ان کے تیسرے ساتھی چاند کے مدار میں خلائی جہاز میں موجود رہے اور خلائی جہاز اور چاندگاڑی ایگل کے درمیان رابطوں کو مربوط کرتے رہے۔



