صوبہٴ  آسام  کے نالباڑی ضلع میں پولیس  تھانے کے قریب  مبینہ طور پر  اُلفا تنظیم سے تعلق رکھنے والے ریاست کے باغی شدت پسندوں نے دو بم دھماکے کیے جِن میں سات افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔  یہ جگہ گوہاٹی سے 70کلومیٹر دور ہے۔

نالباڑی کے اعلیٰ پولیس عہدے دار کے مطابق اِن بموں کو دو سائیکلوں  پر نصب کیا  گیا تھا  جو ایک دوسرے سے 50میٹر کے فاصلے پر رکھی گئی تھیں۔     یہ دھماکے چند منٹوں کے وقفے سے  ہوئے۔    چونکہ یہ بھیڑ والا علاقہ تھا اِس لیے ہلاکتوں کے علاوہ درجنوں لوگ زخمی ہوئے۔

ابتدائی رپورٹوں  میں تین دھماکے کی اطلاع دی گئی تھی۔    تاہم  بعد میں پولیس نے تیسرے دھماکے کی خبر کی تردید کردی۔

اِس سے قبل موصولہ  انٹیلی جنس رپورٹ  میں بتایا گیا تھا کہ  اُلفا کے چند سرگرم باغی پڑوسی ملک سے کسی بڑی تخریبی  واردات   کی غرض سے آسام داخل ہو چکے ہیں۔   اِس رپورٹ کی بنیاد پر سکیورٹی کے انتظامات بھی سخت کیے گئے تھے،  جِس  کے باوجود وہ یہ دھماکہ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

نومبر کے اوائل میں اُلفا کے دو سینئر اہل کاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔   پولیس کو شک ہے کہ یہ بم دھماکے اُس گرفتاری کے خلاف ممنوع تنظیم کا جوابی حملہ ہو سکتے ہیں۔

پچھلے پیر کے دِن اُلفا نے مشرقی آسام میں پیٹرول سے لَدی ٹرین کو اُڑا دیا تھا۔    بارہ ویگنوں میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں حکومت کو دس کروڑ روپے کا خسارہ ہوا تھا۔  27نومبر 1991ء کے دِن اُلفا کے خلاف بھارتی فوج نے باضابطہ طور پر اپنا آپریشن شروع کیا تھا۔     ہر سال اِس تنظیم کے اراکین اُس دِن کو مناتے ہیں اور اُس سے قبل صوبے کے متعدد علاقوں میںٕ وارداتیں انجام دیتے ہیں۔

پولیس کو یہ بھی شک ہے کہ یہ دھماکے اُس سالانہ تخریبی کارروائی کا حصہ ہو سکتے ہیں۔