پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں سے ملک کو خوف زدہ نہیں ہونے دیا جائے گا اور پوری قوم مل کر ان عناصر کو شکست دے گی۔

بدھ کے روز رسالپور میں پاکستان ائر فورس اکیڈمی کی سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے حوالے سے اس وقت جس نوعیت کے چیلنج کا سامنا ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھا ۔

تاہم جنرل کیانی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک کی 17 کروڑ عوام اپنے اتحاد اور پختہ عزم سے اس چیلنج کا مقابلہ کرے گی۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھی ان خطرات کی تمام حیتوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ملک کے تحفظ اور دفاع کے حوالے سے ان کے عزم پر کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیئے۔

فوج کے سربراہ کے مطابق پہلے سوات اور اب جنوبی وزیرستان میں جس کامیابی کے ساتھ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کیا گیا وہ مسلح افواج کے پختہ عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔  انہوں نے فوجی آپریشن میں پاکستانی فضائیہ کی مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی طرف سے موٴثر فضائی نگرانی نے زمینی افواج کے لیے آپریشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

جنرل کیانی نے کہا کہ جس طریقے سے عوام نے پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر آپریشن کے باعث بے گھر ہونے والی آبادی کی مدد کی ہے وہ ان کے لیے قابل فخر ہے۔