بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ہفتے کے دِن ڈھاکہ میں سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ہوئے، جِن میں بھارت کے سیکریٹری خارجہ نری پوما رائے اور اُن کے بنگلہ دیشی ہم منصب محمد قیس نے حصہ لیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق متعدد امور پر بات چیت کے علاوہ مذاکرات کا خاص ایجنڈا بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کا مجوزہ سہ روزہ دورہٴ بھارت تھا، جو کہ 19دسمبر سے شروع ہونے والا ہے۔

بنگلہ دیشی وزیراعظم کے دورے کےموقع پر بھارت اور بنگلہ دیش کے وزرائے اعظم کے درمیان جِن امور پر مذاکرات ہوں گے، جن کا ایجنڈا سیکریٹری خارجہ سطح کی بات چیت کے دوران طے کیا گیا۔ ڈھاکہ اور نئی دہلی دونوں اِس دورے کو کافی اہمیت دے رہے ہیں۔ وزراتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نیروپاما رائے کو اِس مقصد کے لیے ڈھاکہ بھیجا گیا ہے تاکہ شیخ حسینہ واجد کے دورے کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم کے مجوزہ دورے کے دوران کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔

بھارت کے سیکریٹری خارجہ نیروپاما رائے اپنے ہم منصب سے مذاکرات کے بعد وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد، وزیرِخارجہ دیپو مونی اور حزبِ اختلاف کی رہنما خالدہ ضیا سے بھی ملاقات کریں گی۔