برطانوی فلمساز ڈینی بوائل کی آسکر یافتہ فلم سلم ڈاگ ملینیئر میں اہم کردار نبھانے والے ننھے بچے اظہر اسمٰعیل اور روبینہ علی بھلے ہی اصل زندگی میں انتہائی پسماندہ طبقے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ہالی وڈ فلمسازوں کو اُن کی خستہ مالی حالت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تازہ اطلاعات کے مطابق نئی ہالی وڈ فلم ’لارڈ اوونز لیڈی’ فلم میں کام کرنے کے لیے روبینہ اور اظہر کو سائن کیا گیا ہے۔
اِسے ننھے بھارتی بچوں کی خوش قسمتی کہہ سکتے ہیں کہ شاید وہ اِس نئی فلم میں ہالی وڈ کے نامور اداکار اینتھنی ہاپس کِنز کے ساتھ فلمی پردے پر نظر آئیں۔ خبر ہے کہ اداکار ہاپ کِنز فلم ’لارڈ اوونز لیڈی’ کے ڈائریکٹر کے ساتھ فلمی معاہدہ سائن کرنے کے آخری مرحلے میں ہیں۔
ممبئی کی کچی بستی میں اب تک کی زندگی بسر کرنے والے اظہر اور روبینہ کو اِس کا کوئی اندازہ نہیں کہ ہاپ کنز ہالی وڈ کے کتنے عظیم سٹار ہیں۔ بچے خوش ہیں کہ ایک بار پھر انہیں انگریزی فلم میں کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
خیال رہے کہ محض چار دن قبل ہی اظہر کے والد محمد اسمٰعیل کا انتقال ہوگیا تھا۔ اور اظہر کی والدہ شمیم خوش ہیں کہ اظہر اچھی فلمیں سائن کر کے اُن کے شوہر کی آخری خواہش کو پورا کررہا ہے۔ جھونپڑبستی میں رہنے والے اِن دونوں بچوں کو حال ہی میں فلم سلم ڈاگ ملینیئر کے پروڈیوسرز کی جانب سے بنائی گئی ٹرسٹ نے رہائش کے لیے پکے مکان فراہم کیے ہیں۔
فلم ’لارڈ اوونز لیڈی’ کی عکس بندی بھارت اور ویلز میں کی جائے گی۔ روبینہ اور اظہر فلم میں اپنے کردار کے لیے شوٹنگ بھارت میں کریں گے۔

