انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے چینی حکام پر شہریوں کو مرکزی حکومت کے خلاف شکایات سے روکنے کے لیے باقاعدگی سے اغوا کرکے انہیں دنوں یا مہینوں تک غیر قانونی جیلوں میں رکھنے کاالزام لگایا ہے۔
نیویارک میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ غیر قانونی مراکز یا ’سیاہ جیلوں‘ میں رکھے جانے والے بہت سے افراد نے حکام سے اپنی رہائی کے لیے درخواستیں دی ہیں۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ درخواست دینے والے افراد کو جسمانی اور نفسیاتی بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں حکومتی عہدےداروں، سیکیورٹی فورسز اور ان کے ایجنٹوں کی جانب سے غیر قانونی طورپر قید رکھا گیا۔ہیومن رائٹس واچ نے چین سے ان حراستی مراکز کو بند کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔
تنظیم نے کہا ہے کہ یہ رپورٹ اس سال اپریل اور مئی میں بیجنگ اور کئی دوسرے شہروں میں کی جانے والی تحقیق کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے جمعرات کے روزسیاہ جیلوں کی موجودگی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کبھی بھی وجود نہیں تھا۔

