بھارت اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں احمد آباد میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہو گیا ہے۔ پانچویں دن کھیل ختم ہونے پر بھارت نے چار وکٹوں کے نقصان پر 412 رنز بنائے تھے۔ کھیل کے آخری روز میزبان ٹیم کے دو بلے بازوں سچن ٹنڈولکر اور گوتم گمبیر نے سنچریاں بنائیں۔
اس سے قبل بھارت کی پہلی اننگز 426 رنز کے جواب میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 760 رنز بنا کر اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ کی خاص بات یہ تھی کہ چھٹی وکٹ کی شراکت میں سری لنکا کے دو بلے بازوں مہیلاجے وردنے اور پرسنا جے نے 351 رنز بنا کر کرکٹ کی تاریخ کا 72 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ 1937ء میں آسڑیلیا کے سر ڈان بریڈ مین اور جیک فلینگٹن نے انگلینڈ کے خلاف 346 رنز بنا کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
سری لنکا کے بلے باز مہیلاجے وردنے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 275 رنزبنا کر آؤٹ ہو ئے اورمیچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ پرسنا جے وردنے 154 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔


