ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین اعجاز بٹ سے ملاقات میں اُنھیں اپنی فٹنس کے بارے میں آگاہ کریں گے جِس کے بعد واضح ہوسکے گا آیا یونس خان اگلے ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کرسکتے ہیں یا نہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین نومبر سے متحدہ عرب امارات میں ون ڈے اور ٹونٹی20 سیریز کھیلی جائے گی۔

اِسی دوران پی سی بی کے چیرمین اعجاز بٹ پاکستان کرکٹ کے چیف کوچ انتخاب عالم اور کپتان یونس خان کو منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل نے طلب کیا ہے جِس میں اُن سے حالیہ چمپینز ٹرافی میں مبینہ طور پر سٹہ کھیلنے کے الزامات کے بارے میں وضاحت طلب کی جائے گی۔

یاد رہے کہ پچھلے ہفتے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے چیرمین جمشید دستی نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے حالیہ چمپینز ٹرافی میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سٹے بازی میں ملوث ہونے کی وجہ سے میچ جان بوجھ کر ہارے۔