یورپی یونین نے فلسطینی عہدے داروں کی اس درخواست کو مسترد کردیا ہے کہ یورپی یونین اقوام متحدہ  کی سلامتی کونسل میں پیش کیے جانے والے ان کے  اس منصوبے کی حمایت کرےجس میں کہا گیا ہے فلسطین  کو اسرائیل کی مرضی کے بغیر ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرلیاجائے۔

سویڈن کے وزیر خارجہ کارل بلدٹ نے،  جن کے پاس اس وقت یورپی یونین کی باری سے ملنے والی صدارت ہے،  منگل کے روز کہا کہ اس صورت میں  کسی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا قبل از وقت ہوگا  کہ جب اس اقدام کے لیے ابھی وہاں حالات موجود ہی نہیں ہیں۔ 

لیکن انہوں نے کہا کہ وہ سمجھ سکتے ہیں کہ فلسطینی اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم کیے جانے کی کوشش کیوں کررہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ان کی یہ کوشش ایسے مشکل حالات کے نتیجے میں سامنے آرہی ہے جہاں انہیں آگے کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا۔

سویڈن کے وزیر خارجہ نے برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس سے قبل یہ بیان دیا۔  انہوں نے کہا کہ وزرا فلسطینیوں کے لیے اپنی حمایت کے اظہار کے دوسرے طریقوں پر گفتگو کریں گے۔