مصر نے فٹ بال کے الجزائری شائقین پر یہ الزام عائد کرنے کے بعد کہ انہوں  نے دونوں ملکوں کے درمیان ورلڈ کپ کے ایک کوالیفائر میچ کے موقعے مصری شائقین پر حملہ کیا،  الجزائر سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔
مصر کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ  الجزائر سے مصر کے سفیر کو صلاح مشورے کے لیے واپس بلایا گیا ہے۔   مصر کی حکومت کا کہنا ہے بدھ کے روز سوڈان کے دارالحکومت میں اُس میچ کے بعد،  جس میں الجزائر کی ٹیم نے مصری ٹیم کو ہرا دیا تھا، فٹ بال کے الجزائری شائقین نے مصریوں پر حملے کیے تھے۔

ٹائى بریکر میچ میں الجزائر کی  صفر کے مقابلے میں  ایک گول سے جیت کے نتیجے میں الجزائر2010 کے ورلڈ کپ کے مقابلوں میں شریک ہونے کا اہل بن گیا ہے  جبکہ ٹورنامنٹ  میں مصر کی آگے بڑھنے کی تمام اُمیدیں ختم ہوگئى ہیں۔   فٹ بال کے مصری شائقین نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتا یا  کہ میچ کے بعد جب وہ اپنی بس میں خرطوم کے ہوائى اڈے کو  جارہے  تھے تو الجزائر کے لوگوں نے اُن پر پتھر پھینکے تھے۔

مصر کی حکومت  نے جمعرات کے روز قاہرہ میں الجزائر کے سفیر کو طلب کرکے میچ کے بعد الجزائری لوگوں  کے روًیے پر اپنی  ناخوشی کا اظہار بھی کیاہے۔

قاہرہ نے ہفتے کے روز الجزیرہ میں  مصر کے کاروباری اداروں پرحملوں کے خلاف بھی اسی قسم کا احتجاج کیا تھا۔   اُس روز قاہرہ  میں الجزائر کی فٹ بال ٹیم مصر سے صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہار گئى تھی۔  اور اس میچ کے نتیجے میں دونوں ملکوں کا سکور اُن کے گروپ  میں ایک دوسرے کے برابر ہوگیا  اور اسی وجہ سے بدھ کے روز اُن کے درمیان ٹائى بریکر میچ ہوا تھا۔