اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے اتوار کو غزہ میں دو فیکٹریوں اورسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی ایک سرنگ پر بمباری کی ہے جو غزہ کی پٹی کو مصر سے ملاتی ہے۔  فلسطینی امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس فضائی حملے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوئے۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس راکٹ حملے کے جواب میں کی گئی ہے جو فلسطینی عسکریت پسندوں نے ہفتہ کو ملک کے ایک جنوبی حصے پر کیا۔  تاہم اس راکٹ حملے کی وجہ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

 اسرائیل کا فضائی حملہ حماس کی طرف سے ایک روز قبل کیے جانے والے اس اعلان کے بعد کیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ غزہ کی پٹی میں موجود فلسطینی عسکریت پسند گروپوں کے ساتھ اسرائیل کے جنوبی حصوں پر راکٹ حملے روکنے سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ہے۔