امریکی سینٹ حفظانِ صحت کے نظام میں اصلاحات کے اُس بل پربھر پُور بحث کے لیے تیار ہے، جسے سینٹ کے ڈیمو کریٹک ارکان نے متحد ہوکر ضابطہ کار کی ایک بڑی رکاوٹ سے کامیابی کے ساتھ گزار لیا ہے۔
سینٹ نے ہفتے کے روز 39 کے مقابلے میں 60 ووٹوں سے حفظانِ صحت کے اُس بل پر بحث شروع کرنے کی منظوری دے دی، جو ڈیمو کریٹک پارٹی کے اکثریتی ارکان نے تیار کیا ہے ۔ لیکن ری پبلکنز اس بل کے خلاف ہیں۔
سینٹ میں تمام کے تمام 58 ڈیمو کریٹس اور دو آزاد سینیٹروں نے بل پر بحث شروع کرنے کے حق میں ووٹ دیے۔ ریاست اوہایو سے تعلق رکھنے والے ایک ری پبلکن سینیٹر جارج وائینو وِچ سینیٹ میں حاضر نہیں تھے اور انہوں نے ووٹ نہیں دیا۔
اس مسودہ قانون کا مقصد اُن لاکھوں امریکیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ جن کے پاس حفظان صحت کے لیے انشورینس نہیں ہے، انشورینس کمپنیوں کوایسے اقدامات سے باز رکھنا بھی ہے جن کے تحت وہ مختلف بہانوں سے اپنے ارکان کو علاج کی سہولت فراہم کرنے سے انکار کردیتی ہیں۔ اسی قانون کے تحت حفظانِ صحت کے اخراجات کو قابو میں رکھنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔
ڈیموکریٹس کے لکھے ہوئے بل پر بحث شروع ہو جانے کے باوجود ، سینیٹ میں اس کی منظوری یقینی نہیں ہے ۔ اتوار کے روز نبراسکا سے تعلق رکھنے والے ڈیمو کریٹ سینیٹر بَین نیلسن نے کہا ہے کہ اُن کے خیال میں اس مسودہ قانون میں سنگین نقائص موجود ہیں۔

