اوباما انتظامیہ کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ شمالی ریاست الی نوائے میں تقریباً ایک خالی جیل میں گوانتاناموبے کے حراستی مرکز کے قیدیوں کو وفاقی مقدمات کے دوسرے قیدیوں کے ساتھ رکھا جاسکتا ہے۔

ہفتے کے روز عہدے داروں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے لیے  شکاگو کے مغرب میں 220 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع  انتہائی حفاظتی انتظامات کے حامل تھامسن اصلاحی مرکز کو خریدنا ایک اولین  ترجیح کے طورپر سامنے آیا ہے۔ حکومت اس کے بعد 16 سو کوٹھریوں پر مشتمل اس جیل میں مشتبہ دہشت گردوں کو منتقل کرسکتی ہے۔

عہدےد اروں نے یہ نہیں بتایا کہ گوانتاناموبے کے کتنے قیدیوں کو الی نوائے میں منتقل کیا جاسکتا ہے اور کب۔

ریاستی گورنر پیٹ کوئین اتوار کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ مقامی عہدے داروں نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس جیل کے استعمال  سے یہاں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں ، جن کی یہاں اشد ضرورت ہے۔

ریاست کے بہت سے ری پبلیکن ارکان نے ، جن میں صدر باراک اوباما کی سینٹ کی پرانی نشست پر مقابلہ کرنے والے امریکی کانگریس مین مارک کرک شامل ہیں، اس خیال کی مخالفت کی ہے۔ مسٹر کرک کا کہنا ہے کہ مشتبہ دہشت گردوں کو الی نوائے میں لانے سے ان کی ریاست جہادیوں کے  دہشت گرد منصوبوں اور ان کی بھرتی کے لیے گراؤنڈ زیرو بن جائے گی۔