احمد آباد میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر سری لنکا نے بھارت کی پہلی اننگز کے 426 رنز کے جواب میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 591 رنز بنائے ہیں۔  سری لنکا کی اننگز کی خاص بات مہیلا جے وردنے کی ڈبل سنچری ہے۔  انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 204 رنز بنائے ہیں اور ابھی تک آؤٹ نہیں ہوئے جب کہ پرسنا جے وردنے 84 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم کو بھارت کے خلاف 165 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے اور ابھی اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔  بھارت کے فاسٹ باؤلر ظہیر خان اورایشانت شرما نے بالترتیب 93 اور 108 رنز کے عوض دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل جب منگل کو دوسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو بھارت کی پوری ٹیم کھانے کے وقفے سے پہلے 426 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میزبان ٹیم کی طرف سے راہول ڈراوڈ نے 177 اور کپتان دھونی نے 110 رنز بنائے۔  سری لنکا کے فاسٹ باؤلر ویلیگا دار نے 87 رنز کے عوض چار اور مرلی دھرن نے 97 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔