بھارت کے سچن تنڈولکر دنیا کے پہلے کرکٹ کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ایک روزہ میچوں میں  17ہزار رنوں کا ریکارڑ بنایا۔ سچن نے یہ اعزاز حیدرآباد میں آسٹریلیاکے خلاف کھیلے جانے والے پانچویں ایک روزہ میچ میں حاصل کیا۔

ایک روزہ کر کٹ میں 17 ہزار رنوں کے ریکارڑ پر صدرِ جمہوریہ پرتیبھا پٹیل اور وزیراعظم من موہن سنگھ نے مبارک باد پیش کی۔

اس میچ میں سچن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوے 141 گیندوں میں 19 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 175 رن بنائے۔ لیکن اس کے باوجود بھارتی ٹیم کو تین رنز کی شکست سے نہ بچا سکے۔
17 ہزار رنوں کے ریکارڑ کے لیے سچن کو سات رنز کی ضرورت تھی اور ہزاروں شائقین کی نظریں ان پر ٹکی ہوئی تھیں۔سچن نے نہ صرف ریکارڑ بنایا بلکہ بھارتی ٹیم کی کامیابی کے لیے 175 رن جوڑے جو رائیگاں ثابت ہوئے۔

ویریندر سہواگ کے ساتھ کھیلتے ہوئے جیسے ہی سچن نے سات رن بنائے، سارا اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا۔سچن نے 435 ویں ایک روزہ میچ میں یہ ریکارڑ بنایا۔اس کے علاوہ سچن نے بھارت کی سرزمین پر ایک روزہ میچوں میں چھ ہزار رن بھی مکمل کیے۔یہ آسٹریلیا کے خلاف سچن کی نویں سنچری تھی، جو کسی بھی کھلاڑی کی کسی ایک ملک کے خلاف سنچریوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

سری لنکا کے کھلاڑی سنت جے سوریہ13377 رنوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔آسٹریلیا کے کپتان رکی پانٹنگ 12241 رنز بنانے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن چکے ہیں۔

ممبئی کے 36 سالہ سچن نے 1989 میں پاکستان کے خلاف بین الاقوامی ایک روزہ میچ سے اپنے کیریر کا آغاز کیا تھا۔رن بنانے کی رفتار میں بھی سچن نے اپنے معاصرین کو پیچھے چھوڑدیا۔آسٹریلیا کے افسانوی کھلاڑی سر رونالڈبراڈمین نے سچن کو دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔براڈمین نے 159 میچوں میں 12773 رن بنائے تھے۔ آسٹریلیا کے خلاف اس میچ میں سچن نے صرف 81 گیندوں میں سنچری بنائی جو کہ ایک روزہ میچوں میں ان کی 45 ویں سنچری ہے۔سچن تنڈولکر ٹسٹ میچوں میں 12773 رنوں اور 42 ٹسٹ سنچریز کا بھی ریکارڑ رکھتے ہیں۔