بھارتی وزیرِ مالیات پرنب مکھرجی نے اِس بات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دبئی کے اقتصادی بحران پر گھبرانے کی ضرورت نہیں،  کیونکہ اِس بحران کا بھارتی معیشت پر بہت کم اثر پڑے گا۔

تاہم، اُنھوں نے چندی گڑھ میں ایک تقریب پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ دبئی قرض بحران سے پڑنے والے مکمل اثرات کا جائزہ لیا جانا ابھی باقی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ بحران والی رقم بہت چھوٹی ہے اور دوسرے یہ کہ دبئی مالیاتی نظام سے بھارتی بینکوں کا کاروبار بہت محدود ہے۔ پھر بھی اسٹاک مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں،   جیسا کہ ایک روز قبل دیکھا گیا تھا۔

وزیرِ مالیات نے مزید کہا کہ اُس خطے میں بھارتی برآمدات پر اِس بحران کا کوئی زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ دبئی میں بڑی تعداد میں کام کرنے والے بھارتی کارکنوں  کے تعلق ہے۔   پرنب مکھرجی نے کہا کہ اُن  ورکروں پر کیا اثر پڑے گا، اِس کا جائزہ لیا جانا باقی ہے۔  تاہم،  اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ  متحدہ عرب امارات میں بھارتی ورکروں پر کوئی اثر پڑے گا۔ خیال رہے کہ دبئی کی مجموعی آبادی  کا42فی صد بھارتی ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ دبئی کے سب سے بڑے سرکاری مالیاتی ادارے ‘دبئی ورلڈ’ کے سامنے قرضوں کی ادائگی کے سلسلے میں بحران پیدا ہوگیا ہے جِس کے اثرات دنیا بھر کے اہم  حصص بازار پر پڑ رہے ہیں۔