بدھ کے روز روس کے دوروزہ دورے سے واپس لوٹنے کے بعد گجرات کے وزیرِ اعلیٰ نریندر مودی سوائن فلو کے وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
مودی پر جمعرات کے روز ایچ ون این ون وائرس سے متعلق طبی ٹیسٹ کیے گئے جِن کے مثبت نتائج کا اعلان کرتے ہوئے جمعے کے روز ریاستی حکومت نے اِس بات کی تصدیق کی کہ مودی کو سوائن فلو بخار ہوگیا ہے۔
حکومت کے اِس اعلان سے اعلیٰ سطحی سرکاری حلقوں میں گھبراہٹ پھیل گئی جو کہ روس کے دورے میں مودی کے ساتھ ساتھ تھے۔ اب گجرات کی کابینہ کے تمام سیاسی لیڈروں پر بھی سوائن فلو کا ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اپنے خون کا نمونہ طبی جانچ کے لیے دینے کے بعد مودی نے تین گھنٹہ طویل کابینہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ مودی کو سات دِنوں تک اُن کے گھر میں علاحدہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا جائے گا۔

