جمعرات کی رات گئے ماؤنوازوں نے جھاڑکھنڈ میں ریلوے پٹریاں دھماکے سے اُڑا دیں جِٕس کے باعث پسنجر ٹرین کی آٹھ بوگیاں پٹڑی سے اُتر گئیں۔
حادثے میں دو افراد ہلاک اور 50سے زائد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں کئی کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، جنھیں ہمسایہ صوبے اُڑیسہ کے سرکاری ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق منوہر پور اور پسائتا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ماؤنوازوں نے دھماکے کے ذریعے پٹریوں کو اُڑا دیا۔
ٹاٹا نگر سے ناگ پور جانے والی مسافر ٹرین کے آٹھ ڈبے پٹڑی سے اتر گئے۔
بتایا جاتاہے کہ ماؤنوازوں نے چار دھماکے کیے تاکہ امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا کی جاسکے۔ اِسی دوران وفاقی وزیرِ ریلوے ممتا بنرجی نے ہلاک ہونے والوں کے لیے فی کس پانچ لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو دس ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

