بھارتی عہدے داروں نے کہا ہے کہ ماؤ نواز باغیوں نے ، جنہیں نکسل باڑی بھی کہا جاتا ہے ، اتوار کے روز دو الگ الگ حملوں میں ایک سینئر افسر سمیت پولیس کے کم سے کم 26 اہل کاروں کو ہلاک کردیا۔
عہدے داروں نے کہا ہے کہ یہ حملے وسطی صوبے چھتیس گڑھ کے ضلعے راج نندن گاؤں میں کیے گئے۔ لیکن انہوں نے کوئى اور تفصیل نہیں بتائى۔
سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو تلاش کرنے کے لیے علاقے میں کارروائى شروع کردی ہے۔
پچھلے مہینے بھارتی سکیورٹی فورسز نے صوبہ مغربی بنگال میں بارودی سُرنگوں اور باغیوں کی فائرنگ کا مقابلہ کرتے ہوےٴ ماؤ نواز باغیوں کے ایک اہم ٹھکانے پر قبضہ کرلیا تھا۔
یہ ماؤ نواز باغی ، باغیوں کی اُس وسیع تر تنظیم کا ایک حصّہ ہیں ، جسے نکسل باڑی کہا جاتا ہے۔ نکسل باڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ غریبوں کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔ بھارتی عہدے دار باغیوں پر الزام عائد کرتے ہیں کہ انہوں نے مغربی بنگال کی برسرِ اقتدار پارٹی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے کم سے کم پانچ ارکان کو ہلاک کیا ہے۔

