بھارت نے دہشت گردوں کے ممکنہ حملے کے بارے میں تشویش کی وجہ سے اپنی جوہری تنصیبات کے مقامات پر حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کردیا ہے۔
خبر رساں ایجنسیوں نے کہا ہے کہ ملک کی وزارتِ داخلہ نے حفاظتی انتظامات میں اضافہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے پہلے انٹیلی جینس کے عہدے داروں کو پتا چلا تھا کہ وہ شخص جسے پچھلے مہینے امریکہ میں گرفتار کرلیا گیا تھا، بھارت کے کئى ایسے شہروں میں گیا تھا جہاں جوہری تنصیبات قائم ہیں۔
امریکی عہدے داروں نے ڈیوڈ ہیڈلی کو جن الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا، اُن میں امریکہ سے باہر دہشت گردی کی کارروائیوں کی سازش کا الزام بھی شامل ہے۔
امریکی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اُس کے لشکرِ طیبہ کے ساتھ رابطے تھے۔ پاکستان میں قائم اس تنظیم پر الزام ہے کہ اُس نے 2008ء میں ممبئى میں اُس خوں ریز حملے کا منصوبہ بنایا تھا، جس میں 160 سے زیادہ لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔
بھارتی عہدے داروں نے کہا ہے کہ جوہری تنصیبات پر حفاظتی انتظامات میں اضافہ صرف حفطِ ما تقدم کی کارروائى ہے۔

