سابق امریکی صدر جارج بش نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لیے بھارت کی وکالت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت دنیا میں ایک مضبوط جمہوری ملک کی حیثیت رکھتا ہے۔
اُنھوں نے بھارت کی جمہوریت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘بھارت روادار، پُرامن اور کثیر مذہبی جمہوریت ہے۔’
جارج بش نے یہ بات ہفتے کو نئی دہلی میں منعقدہ لیڈر شپ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اُنھوں نے کہا کہ وہ یہ چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امریکہ اور بھارت متحد ہوکر دہشت گردی کے خلاف لڑائی جیتیں تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم ہو۔
سابق صدر نے کہا کہ یہ مشن طویل، مشکل اور بہت مہنگا ہے، لیکن میرا خیال ہے کہ امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ اگر طالبان، القاعدہ اور اُن کے انتہا پسند حلیفوں نے دوبارہ افغانستان پر قبضہ کر لیا تو بالخصوص وہاں کی خواتین کے لیے وحشیانہ ایام لوٹ آئیں گے۔

