بھارت میں فوجی عہدے داروں نے کہا ہے کہ  علحدگی پسند جنگجو عناصر کے ایک حملے میں سکیورٹی کے پانچ اہل کار مارے گئے۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ  باغیوں نے پیر کے روز نیم فوجی تنظیم آسام رائیفلز کے اُن ارکان پر فائرنگ کی  جو منی پور کے ضلع چنڈیل میں سفر کررہے تھے۔عہدے داروں نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کم سے کم دو فوجی افسر شامل ہیں۔

تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ  یہ حملہ متحدہ قومی محاذِ آزادی یا یو این ایل ایف  سے وابستہ علحدگی پسند جنگجوؤں نے کیا ہے۔

بھارتی عہدے داروں نے ایسے  کئى حالیہ حملوں کا الزام  یو این ایل ایف پر عائد کیا ہے۔ ان میں  شمال مشرقی صوبے آسام میں اتوار کے روز بموں کے وہ دو دھماکے بھی شامل ہیں، جن  میں سات لوگ ہلاک ہوئے تھے۔تاہم باغی لیڈروں  نے حملوں میں اپنی تنظیم کے ملوّث ہونے کی تردید کی ہے۔

شمال مشرقی بھارت  میں علحدگی پسند عناصر  سے متعلق  تشدّد کے واقعات میں 1979  سے لگ بھگ 20 ہزار لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔