جے پور سے نئی دہلی آنے والی منڈور ایکسپریس جے پور کے نزدیک حادثے کا شکار ہوگئی ہے جِس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 19زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ حادثہ جمعے کی رات ڈیڑھ بجے جے پور سے 40کلومیٹر دور اُس وقت پیش آیا جب ٹرین کے 11ڈبے پٹڑی سے اتر گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریل کی ایک پٹڑی اے سی کوچ میں گھُس گئی تھی اورممکن ہے کہ یہ اموات اُسی کے نتیجے میں ہوئے ہوں۔

 تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردانہ سازش سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ حادثے سے قبل جموں تَوی جانے والی پوجا ایکسپریس میں بم رکھنے کی جھوٹی فون کال موصول ہوئی تھی۔ دہشت گردی مخالف دستہ اور ریلوے حکام اِس پہلو پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اُدھر راجستھان کے وزیرِ اعلیٰ نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ محکمہٴ ریلوے اور ریاستی حکومت کی جانب سے ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ اور زخمیوں کے لیے الگ الگ معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔۔

ساتھ ہی حادثے کی جانچ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ویسٹرن سرکل کے ریلوے سربراہ اِس کی جانچ کریں گے، جب کہ ریلوے وزیر ممتا بنرجی نے وزیرِ مملکت برائے ریل اِی احمد کو جائے حادثہ کا دورہ کرنے کو کہا ہے۔