انڈونیشی ماہی گیروں  نے پیر کے روز ایک ایسی عورت  کو متلاطم  سمندر سے نکال لیا  جو 25 گھنٹے پہلے جزیرہ سماٹرا کے قریب ایک ڈوبتی ہوئى فیری سے سمندر میں کود گئى تھی۔

بحریہ کے ایک افسر نے کہا ہے کہ اُس عورت کی دیکھ بھال ہسپتال میں کی جارہی ہے۔

یہ عورت اُن 255 لوگوں میں شامل ہے، جنہیں اتوار کے روز فیری دُومائى ایکسپریس 10 کے ڈوب جانے کے بعد سے  سمندر سے نکالا گیا ہے۔   حکام نے اب کم سے کم 29 لوگوں کی موت کی تصدیق کردی ہے۔    تاہم انہوں نے کہا ہے متعدد لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں۔

یہ واضح نہیں کہ اُس کشتی میں کُل کتنے لوگ سوار تھے۔   مسافروں کا کہنا ہے کہ جس وقت فیری جزیرہ باٹام سے  صوبہ ریو  جاتے ہوئے غرق ہوئی تھی، اس میں گنجائش سے زیادہ لوگ سوار تھے۔