اسرائیل کے وزیر دفاع ایہود بارک نے کہا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ اگر فلسطینوں نے اسرائیلیوں کو یہودیوں بستیوں کی تعمیر روکنے کا مطالبہ جاری رکھا تو وہ امن کا ایک موقع کھو دیں گے۔

ان کا یہ بیان امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے نیویارک میں اسرائیلی اور فلسطینی راہنماؤں کے ایک مشترکہ اجلاس کی میزبانی سے ایک روز پہلے پیر کے روز نیویارک ٹائمز میں شائع ہوا۔

اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ مسٹر اوباما فلسطنیوں کی خود مختار ریاست کے قیام اور دو سال میں اہم مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے اپنے سیاسی اثرورسوخ کے استعمال کے واضح عزم کا اظہار کرچکے ہیں۔

ایہود براک نے کہا ہے کہ اس موقع کو ضائع نہیں کیا جانا چاہیئے۔

فلسطینی راہنماؤں نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر روکنے سےاسرائیل کے انکارکے باعث امن کی کوششیں متاثر ہورہی ہیں۔

امریکہ بھی اسرائیل پر تعمیر ات روک دینے پر زور دے رہاہے۔