اٹلی کے حکام نے کہا ہے کہ پولیس نے ہفتے کے روز دو ایسے پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے جن پر شبہ ہے کہ انہوں نے پچھلے سال ممبئى میں دہشت گردوں کے اُن حملوں کے لیے رقم اور نقل وحمل کی سہولتیں فراہم کرنے میں مدد کی تھی، جن میں 166 لوگ ہلاک ہوئے تھے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان دونوں آدمیوں کوبھارتی حکام اور امریکہ کے چھان بین کے وفاقی بیورو یا ایف بی آئى کی فراہم کردہ اطلاعات کی مدد سے شناخت کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں آدمیوں نے شمالی اٹلی کے شہر بریسا میں رقوم منتقل کرنے والی کمپنی کے ذریعےمبینہ طور پر سمندر پار رقوم بھیجی تھیں۔ ان دونوں پر الزام ہے کہ انہوں انٹر نیٹ فون کالز کے لیے اُن لوگوں کو رقم منتقل کی تھی جن کا حملہ آوروں کے ساتھ براہِ راست رابطہ تھا۔
اسی چھان بین کےدوران دو اور پاکستانی باشندوں کو بھی کچھ دوسرے جرائم کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

