امریکی صدر باراک اوباما پیر کے روز واشنگٹن میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کررہے ہیں۔

مسٹر بن یامن نتن یاہو،  شمالی امریکہ میں یہودی تنظیموں کے ایک سالانہ فورم سے خطاب کرنے کے لیے امریکی دارالحکومت آئے ہوئے ہیں۔

اتوار کے روز وائیٹ ہاؤس کے عہدے داروں نے کہا تھا کہ دونوں راہنما پیر کی شام کو مذاکرات کریں گے،  لیکن وہ  ایک ساتھ وائیٹ ہاؤس کے پریس کے سامنے نہیں آئیں گے۔

صدر اوباما کی انتظامیہ کئی مہینوں سے مسٹر نتن یاہو اور فلسطینی صدر محمودعباس پر،  امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر دباؤ ڈال رہی ہے۔

امریکہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہیں،  جب سے نتن یاہو نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے کے صدر اوباما کے مطالبے کو مسترد کیا ہے۔