شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے جوہری ہتھیاروں میں استعمال کے لیے مزید مواد تیار کرلیا ہے ۔ اس نے یہ اعلان ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب وہ دو طرفہ مذاکرات کے لیے امریکہ پر اپنا دباؤ بڑھا رہا ہے ۔
شمالی کوریا کی سرکاری سنٹرل نیو ز ایجنسی نے منگل کے روز ایک رپورٹ میں کہا کہ شمالی کوریا نے آٹھ ہزار استعمال شدہ ایندھن کی سلاخوں کی ری پراسسنگ ختم کر لی ہے ۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے جوہری بم بنانے کے لئے پلوٹونیم کو ایندھن میں تبدیل کرنے میں بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ری پراسس کیے ہوئے مواد سے اس کمیونسٹ ملک کو پلوٹیونیم کی اتنی زیادہ مقدار مل سکتی ہے جس سے کم از کم ایک جوہری بم بنایا جا سکتا ہے ۔
پیر کے روز شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے امریکہ پرزور دیتے ہوئے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ براہ راست مذاکرت پر تیار ہوجائے،اور اگر واشنگٹن مذاکرات کی میزپر آنے کے لیے راضی نہ ہوا تو شمالی کوریا اپنا راستہ اختیار کرے گا۔


