لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کے راہنما نے امریکی صدر باراک اوباما پر اسرائیلی مفادات کے حق میں جانب داری برتنے کا الزام لگایا ہے۔
شیخ حسن نصراللہ نے منگل کےر وز کہا کہ صدر اوباما،اپنے پیش رو سابق صدر جارج بش کی نسبت اسرائیلی سیکیورٹی سے زیادہ وابستہ ہیں۔
حزب اللہ کے راہنما نے کہا کہ اسرائیل کی تخلیق کے بعد پہلی بارامریکہ اسرائیل کی جانب سے لبنان، شام، ایران یا غزہ کی پٹی پر مسلط کیے جانے والے کسی بھی تنازعے میں تیزی سے حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔
نصراللہ نے یہ بات حزب اللہ کے یوم شہدا کے موقع پر ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب کے دوران کہی۔
انہوں نے صدر اوباما پر الزام لگایا کہ امریکہ اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹ رہاہے جس میں اس نے اسرائیل کو یہودی بستیوں کی تمام تعمیرات روکنے کے لیے کہا تھا۔
حزب اللہ کے راہنما نے اسرائیل کو لبنان کے خلاف کسی فوجی کارروائی کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا جواب دیا جائےگا۔

