پاکستانی طیاروں نے اتوار کے روز جنوبی وزیرستان میں مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کرکےکم از کم آٹھ باغیوں کو ہلاک کردیا۔
ابلاغِ عامہ کی رپورٹوں میں نام لیے بغیر پاکستانی عہدے داروں سے منسوب خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یہ فضائی کارروائی پاکستانی طالبان کے سرغنہ بیت اللہ محسود کے خلاف جاری کارروائی کا حصہ تھی۔
محسود ایک طویل عرصے سے جنوبی وزیرستان میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اُس پر حکومت اور شہری اہداف پر بیسیوں حملے کرنے کا الزام ہے اوراُس کانام پاکستان میں القاعدہ کے جنگجوؤں کو پناہ دینے والوں میں سرِ فہرست ہے۔
ایک بیان میں پاکستانی فوج نے بتایا ہے کہ اتوار کے روزعلاقے میں ایک سپاہی کو ہلاک کر دیا گیا۔
دریں اثنا، خیبر کے قبائلی علاقے میں شرپسندوں کی کمین گاہ پر چھاپے کے دوران پولیس نے 11مشتبہ شدت پسندوں کوزیرِ حراست لے لیا ہے۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے اِن افراد میں کم از کم چار غیر ملکی شہری شامل ہیں۔
پچھلے دو ماہ سے پاکستانی افواج ملک کے شمال مغربی علاقے میں طالبان شدت پسندوں کے خلاف بر سِر پیکار ہے۔

