بھارت کے نائب وزیرِ خارجہ ششی تھَرور نے تجویز دی ہے کہ پاک-بھارت کرکٹ سیریز کا انعقاد امریکہ میں ہونا چاہیئے۔
یاد رہے کہ پچھلے سال نومبر میں ممبئی حملوں کے بعد بھارتی حکومت نے بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورہٴ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔
اتوار کو ششی تھرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد شاید ہی کوئی ٹیم موجودہ صورتِ حال میں پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیار ہو۔ لہٰذا، دونوں ممالک کے درمیان یہ سیریز امریکہ میں منعقد ہو سکتی ہے، جہاں دونوں ممالک کے شائقین کی بڑی تعداد آباد ہے۔
بھارتی نائب وزیرِ خارجہ نے یہ بیان اُس کتاب کی افتتاحی تقریب کے موقعے پر دیا تھا جو خود اُنھوں نے پی سی بی کے سابق سربراہ اور پاکستانی سفارت کار شہر یار خان کے ساتھ مشترکہ طور پر پاک-بھارت کرکٹ مقابلوں سے متعلق تحریر کی ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین اعجاز بٹ اِن دِنوں بھارتی حکام سے مذاکرات کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ پیرکو مہالی میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہونے والے ایک روزہ میچ کے موقع پر اُن کی غیر رسمی ملاقات بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر، شِشانک منوہر سے ہو۔
پی سی بی کے چیرمین کی یہ کوشش ہے کہ جب تک پاک-بھارت دوطرفہ کرکٹ بحال نہیں ہو جاتی اُس وقت تک یہ سیریز انگلستان یا متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا ئے۔

