اتوار کو برما میں کھیلا گیا جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان نے جیت لیا۔
سخت مقابلے کے بعد، پاکستان نے ملائیشیا کی ہاکی ٹیم کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرا یا۔
ایشیائی جونیئر ہاکی چمپین شپ کے لیگ میچ میں پاکستان نے بھارت کی ٹیم کو چار –تین سے ہرایا تھا، جب کہ سیمی فائنل میں جاپان کی ٹیم کو شکست دی تھی۔
اِس طرح پاکستان کی ٹیم جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔
دریں اثنا، پاکستان ہاکی ٹیم کے پینلٹی کارنر کے ماہر سہیل عباس نے کہا ہے کہ پینلٹی کارنر کے شعبے میں خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان جونیئر ٹیم کےکھلاڑیوں نے شاٹ کھیلنے اور روکنے میں کاریگری کا مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان ہاکی کا تربیتی کیمپ اِن دِنوں لاہور میں جاری ہے جِس کے بعد پاکستان کی ٹیم اگلے مہینے ارجنٹینا میں ہونے والے چمپینز چیلنج کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔
پاکستان ہاکی ٹیم 2009ء کے چمپینز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے کوالی فائی نہیں کرسکی اور اگلے مہینے ارجنٹینا میں ہونے والے چمپینز چیلنج میں کامیابی کی صورت میں پاکستان کی ٹیم 2010ء کے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اہل ہو سکے گی۔


