فرانس کے شہر لِلی میں جاری عالمی کپ کوالی فائنگ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے اٹلی کو باآسانی ہرا کر تین قیمتی پوائنٹ حاصل کر لیے۔ ہفتے کو کھیلے گئے ایک اور میچ میں جاپان نے روس کی ٹیم کو چارصفر سے شکست دی۔

کھیل کے پہلے ہاف میں اٹلی نے پاکستان کے خلاف کافی مزاحمت کی اور پاکستان کی ٹیم پہلے ہاف میں صرف ایک گول کرسکی لیکن دوسرے ہاف میں پاکستان نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گول اسکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے پینلٹی کارنر کے ماہر سہیل عباس نے دو، جب کہ عبد الحسیب خان، محمد عمران اور محمد زبیر نے ایک ایک گول اسکور کیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کی جیت کے بارے میں پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سمیع اللہ نے وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ پانچ صفر اسکور کافی ہے، کیونکہ وہاں بہت سردی تھی، پہلا میچ تھا اور کھلاڑیوں کا اتنا تجربہ نہیں تھا۔
انھوں نے کہا کہ جاپان کی ٹیم بھی خاصی اچھی ہے اور ہو سکتا ہے کہ پاکستان کے لیے مشکل پیدا کرے۔ اُنھوں نے کہ کہ جاپان سے میچ کے پہلے 15 منٹ جاپان ہمیں بہت تنگ کرے گا۔ لیکن اس کے باوجود ہمیں جیتنا چاہیئے، کیونکہ ہمارے پاس سہیل عباس ہے، عمران ہے، ریحان بٹ ہے، شکیل عباسی ہے۔

سمیع اللہ نے کہا کہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ ہماری کارکردگی اور جیتنے کا تناسب بہتر سے بہتر ہو۔ جتنے بھی میچ ہیں اُن میں چھ سے سات گول ہوں اور اپنی طرف گول نہ ہوں تو بہتر ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق فُل بیک توقیر ڈار نے کہا کہ یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ پاکستان کو آسان پول ملا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ اچھا موقع ہے، اور ہمیں چاہیئے کہ اِس ٹورنامنٹ کو اچھی طرح سے جیتیں، تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے، اور عالمی کپ میں ہم اچھا کھیل سکیں۔

عالمی کپ کوالی فائنگ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا میچ اتوار کو روس کے خلاف کھیل رہی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم موجودہ عالمی درجہ بندی میں ساتویں جب کہ اٹلی 26ویں نمبر پر ہے۔

اِس کوالی فائنگ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ جاپان، روس، اٹلی، فرانس اور پولینڈ کی ہاکی ٹیمیں شامل ہیں۔ خیال کیا جارہا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو اِس ٹورنامنٹ میں صرف جاپان، پولینڈ یا پھر میزبان فرانس سے مزاحمت کا سامنا ہوسکتا ہے۔