پاکستان میں دھشت گردی اور اس کے خاتمے کے لیے ہونے والے فوجی آپریشن  کے تناظر میں بننے والی  ڈرامہ سیریل  ’خدا زمیں سے گیا نہیں‘  کی  تقریب رونمائی امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر حسین حقانی نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فرنٹ لائن سٹیٹ رہا ہے، اور اس سلسلے میں پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر امریکہ میں بحث ہوتی رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی کوششوں سے مغربی دنیا کو آگاہ  کرنے کا مقصد اس  ڈرامے کے ذریعے بخوبی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ڈرامے کے مصنف اصغر ندیم سید کا کہنا تھا کہ ڈرامے کا مقصد بیرونی دنیا کو پاکستانی عوام کے مسائل سے آگاہ کرنا ہے جن کی زندگی  دہشت گردی کے واقعات سے تبدیل ہوکر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے کو دیکھ کر انہیں معلوم ہو گا کہ پاکستانی سول سوسائٹی کن مسائل سے دوچار ہے۔ اس ڈرامے کا مقصد انھی مسائل کو سامنے لانا ہے۔ 

ڈرامہ ڈائریکٹر کاشف نثار کا کہناتھا کہ یہ نظریاتی جنگ ہے اور اس میں یہ ہمارا حصہ سمجھ لیں۔ کل ہم اپنے بچوں کو یہ تو بتا سکیں گے کہ ہم چپ نہیں بیٹھے تھے،  ہم نے اپنے حصے کی آواز بلند کی تھی۔

ڈرامے میں حصہ لینے والے ایک اداکار نعمان اعجازکا کہنا تھا اس ڈرامے کے لیے ہم صبح فجر کے وقت جاتے تھے اور رات کے بارہ بجے تک کام کرتے تھے۔ 

ڈرامہ سیریل میں  نہ صرف دہشت گردی اور اس کے خلاف آپریشن  کو موضوع بنایا گیا بلکہ اس سے متاثر ہونے والے لوگوں، خاص طور سے عورتوں اور بچوں کے مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ 

دہشت گردی کا شکار کئی شہروں کے پاکستانی عوام ڈرامے کی کہانی  میں  اپنے مسائل کی جھلک دیکھ سکتے ہیں مگر واشنگٹن کی اس تقریب میں موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ انہیں بھی پاکستان کے اندرونی حالات  کے حوالے سے بہت کچھ جاننے کا موقع ملا۔

تقریب میں شریک پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ  ملک کے حقیقی مسائل کو سامنے لانے کی یہ کوشش موجودہ حالات میں ملک  کی  ضرورت  ہے اور ایسی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔