جنوبی فلی پینز میں ایسے  21 افراد کی لاشیں دستیاب ہونے کے بعد، جن میں  ایک صوبائى گورنر کے ایک سیاسی مخالف کےحامی اور اُن کے خاندان کے ارکان کے علاوہ کچھ صحافی بھی شامل ہیں، فوج اور پولیس اُس صوبائى گورنر اور اُس کی ملیشا  کے لوگوں کو تلاش کررہی ہے۔

ان لاشوں کے دستیاب ہونے سے پہلے  جزیرے  مِنداناؤ میں لگ بھگ ایک سو مسلح لوگوں  نےکم سے کم 30 افراد کے ایک گروپ کو پکڑ لیا تھا۔

فوج کا کہنا ہے کہ اُسے شبہ ہے کہ صوبہ  مُگندا ناؤ کے گونر کی وفادار ملیشا نے  گورنر کے سیاسی حریف کو عنقریب ہونے  وا لے انتخابات میں اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے  سے روکنے کے لیے یہ قتلِ عام کیا ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں گورنر کے سیاسی حریف کی بیوی بھی شامل ہے  جو کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کے لیے جارہی تھی۔  مقامی حکام نے کہا ہے کہ بعض لاشیں مسخ کردی  گئیں اور کچھ کے سر قلم کردیے گئے  تھے۔

فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ فوجیوں کو ایک ایسے مقام کا پتہ چلا ہے جہاں ہوسکتا ہے کہ کوئى اجتماعی قبر ہو۔لہذا مزید لاشیں دستیاب ہوسکتی ہیں۔