۔ بالی وڈکی چنچل اداکارہ پریتی زینٹا نجی زندگی میں پیار میں ناکام ہونے کے بعد عارضی طور پر مایوسی ضرور ہوئیں پر انہوں نےہمت نہیں ہاری۔ پریتی اس وقت اعلی تعلیم کے لیے ہاورڈ یونی ورسٹی میں ہیں۔
۔ ” دنیا کے مختلف حصوں سے آئے کئی بہترین لوگ میری کلاس میں پڑھتے ہیں۔ اور میں اِن لوگوں سے کافی کچھ سیکھ رہی ہوں۔” پریتی
ہندی فلم ’میں اور مسز کھنہ’ میں آئیٹم سانگ ہیپ نِنگ کرنے کے بعد بالی وڈ ہیروئین پریتی زینٹا نے اپنی اصل زندگی میں ایک بار پھر کالج کا رخ کر لیا ہے۔ جی ہاں پریتی اس وقت امریکہ کی ہاورڈ یونی ورسٹی سے شارٹ ایگزیکٹیو بزنس کورس کررہی ہیں جو مستقبل میں ان کے بزنس کے لیے انتہائی معاون ثابت ہوگا۔
بالی ووڈ میں بہادر، بے باک اور چنچل ہیروئین کی امیج رکھنے والی 34 سالہ پریتی زینٹا اِن دنوں اپنی فلموں سے زیادہ نجی زندگی میں رونما ہونے والے واقعات کی وجہ سے بالی وڈ کی سرگوشیوں کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ بھارت کے مشہور بزنس مین نیس واڈیا کے ساتھ پیار کے رشتے ٹوٹنے کے بعد پریتی نے اچانک ہندی فلموں سے عارضی طور پر سنیاس لے لیا تھا۔
تاہم اپنے دوست سلمان کی گزارش کے بعد پریتی نے میں اور مسز کھنہ میں ایک آئیٹم سانگ کیا جسے سنیمابینوں نے بےحد سراہا۔ خیال رہے کہ نیس کے ساتھ مل کر پریتی نے انڈین پریمیئر لیگ میں پنجاب کرکٹ ٹیم کے مالکانہ حقوق خریدے ہیں۔ اور شاید بزنس کی باریکیوں کو مزید بہتر سمجھنے کے لیے پریتی نے بزنس اسکول کا رخ کیا ہے۔
بالی وڈ کو کوئی مل گیا، کل ہو نہ ہو، دل چاہتا ہے، ویر زارا اور سلام نمستے جیسی ہٹ فلمیں دینے والی پریتی نے ٹویٹر سوشل ویب سائٹ پر اپنے نئے بزنس کالج کے تعلق سے لکھا ہے ” دنیا کے مختلف حصوں سے آئے کئی بہترین لوگ میری کلاس میں پڑھتے ہیں۔ اور میں اِن لوگوں سے کافی کچھ سیکھ رہی ہوں۔”
ہاورڈ بزنس اسکول میں جانے سے قبل پریتی نے ممبئی میں یہ بیان دیا کہ اُن کا بالی وڈ کو الوداع کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اور اگر انہیں کسی دلچسپ کردار کی پیش کش کی گئی تو وہ اسے ضرور کریں گی۔

