جنوبی وزیرستان کے علاقے مانا میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں نے جدید اسلحے سے حملہ کیا جس میں ایک افسر سمیت چار اہل کاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جب کہ جوابی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے چھ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اُدھر خیبر ایجنسی میں حکام نے بتا یا ہے کہ اسلحے سے بھرے دو ٹرک پکڑے گئے ہیں اور چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔  اطلاعات کے مطابق یہ ٹرک افغانستان سے پاکستان آ رہے تھے جب لنڈی کوتل کے مقام پر ان کی تلاشی کے دوران اسلحہ برآمد ہوا۔

دریں اثنا پشاور کے علاقے یونیورسٹی ٹاؤ ن میں ایک غیر سرکاری تنظیم سیف   (SAFE) کے دفتر میں ہفتہ کی صبح ایک دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔  فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا یہ دھماکا حادثاتی طور پر ہوا یا یہ دہشت گردی کی کارروائی ہے۔