مشرقی افغانستان میں عہدے داروں نے کہا ہے کہ منگل کے روز صوبہ لغمان کے ضلع قر غئی کے ضلعی انٹیلی جنس سربراہ کی موٹر گاڑی سڑک کےکنارے نصب ایک بم سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں سربراہ اور اس کے تین رفقائے کار ہلاک ہو گئے۔

اسی اثنا میں مغربی افغانستان کے پولیس چیف نے کہا ہے کہ صوبے فرح کے ایک ضلعے پر غلبہ پانے کے لیے ہونے والی ایک لڑائی کے دوران 20 طالبان جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے ۔

پولیس چیف نے کہا ہے کہ سینکڑوں طالبان پولیس سے لڑنے کے لیے اکٹھے ہو گئے تھے جنہیں مقامی شہریوں کی مدد حاصل تھی۔

جنوبی صوبے قندھا رمیں امریکی فوج نے کہا ہے کہ منگل کے روز امریکی قیادت کے اتحاد کا ایک فوجی ایک جنگی کارروائی کے دوران ہلاک ہو گیا۔ فوجی کی شہریت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔