امریکی محکمہٴ موسمیات نے خبر دی ہے کہ کیوبا کے قریب پہنچ کر’نوئل‘نامی سمندری طوفان کا زور ٹوٹ رہا ہے، تاہم اب بھی اس کی وجہ سے جزیرہٴ کیوبا شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہے اور اب یہ طوفان جزائرِ بہاماز اور فلوریڈا کی طرف بڑھ رہا ہے۔

 

طوفان کا مرکز  جب کیوبا کے اوپر سے گزرا تو اس کی ہواؤں کی رفتار 75 کلومیٹر فی گھنٹا تھی۔ توقع ہے کہ دوبارہ سمندر کا رخ کرنے سے پہلےنوئل بدھ کی صبح تک وسطی کیوبا کے اوپر رہے گا۔

 

محکمہٴ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ طوفان کی شدت اتنی نہیں کہ اسے ’ہری کین‘کا درجہ دیا جائے، تاہم اب بھی یہ خطے کے لیے بالعموم اور ’ڈومی نیکن‘ری پبلک کے جزیرے ’ہسپانیولا‘اور ’ہَیٹی‘کے لیے بالخصوص، خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔


ڈومی نیکن ری پبلک اب تک طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور وہاں بعض علاقوں میں 30 سنٹی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ مقامی حکام نے کہا ہے کہ شدید بارش سے آنے والے وقتی سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے سے 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

 

طوفان سے بہت سے علاقوں میں بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہو گئی، سڑکیں بہہ گئیں، کئی عمارات کو نقصان پہنچااور  دریاؤں میں طغیانی آ گئی۔