جرمنی کی چانسلر آنگلا میئر خیل ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ پیر کی شب بھارت کے سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچ گئیں۔
آج وزیرِ اعظم من موہن سنگھ اور چانسلر آنگلا میئرخیل کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہٴ خیال ہوا اور دفاع، سائنس و ٹیکنالوجی، تجارت ، سرمایہ کاری اور دیگر امور سے متعلق 12 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
دونوں رہنماؤں کی گفتگو میں دوسرے امور کے علاوہ بھارت امریکہ غیر فوجی جوہری معاہدہ بھی زیرِ بحث آیا۔ بھارت جوہری ایندھن کے حصول میں جرمنی کا تعاون چاہتا ہے۔ خیال رہے کہ جرمنی نیوکلیئر سپلائز گروپ کا اہم رکن ہے۔
اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے ایک سائنسی نمائشی ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقعے پر بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ بھارت جرمنی کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور غریبی، ناخواندگی اور وبائی امراض کو دور کرنے کی جدوجہد میں جرمنی کے تعاون کا خواہاں ہے۔
اس سے قبل راشٹر پنی بھون میں آنگلا میئر خیل کا روایتی استقبال کیا گیا۔ اس موقعے پر انھوں نےکہا کہ انھیں امید ہے کہ اس دورے سے بھارت جرمن رشتے میں استحکام آئے گا اور معیشت، ٹیکنالوجی اور دوسرے شعبوں میں تعاون کوفروغ ملے گا۔

