شمالی کوریا کے ساتھ جوہری اسلحے کے خاتمے سے متعلق مذاکرات کے لیے امریکہ کے اعلیٰ مذاکرات کار کرسٹو فر ہل نے کہا ہے کہ ماہرین کی ٹیم شمالی کوریا کی جوہری تنصیبات کو ناکارہ بنانے کے آغا ز کے لیے جمعرات کو پیانگ یانگ روانہ ہو گی۔
امریکی معاون وزیر خارجہ کرسٹوفر ہل نے یہ اعلان منگل کو بیجنگ میں کیا جہاں وہ جوہری تنصیبات کو ناکارہ بنانے کی کوششوں پر چین اور شمالی کوریا کے عہدے داروں سے ملاقات کر رہے ہیں۔
مذاکرات میں پیش رفت کی نشاندہی کرتے ہوئے مسٹر ہل نے کہا کہ اس سال کے اختتام سے قبل بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
جوہری تنصیبات کو ناکارہ بنانا شمالی کوریا کو توانائی اور امداد کے لیے لاکھوں ڈالر کے عوض جوہری پروگرام سے دستبرداری سے متعلق چھ ملکی معاہدے میں شامل ہے ۔
شمالی کوریامشینوں اور اپنی فرسودہ تنصیبات مثلاً اپنے جوہری پلانٹس کی مرمت کے لیے مواد کی شکل میں وعدہ کی گئی اقتصادی امداد میں سے نصف کو قبول کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔
شمالی کوریا ایک لاکھ ٹن کی مالیت کے تیل اور سیاسی مراعات کے عوض فروری میں اپنے جوہری عزائم سے دستبردار ہونے کے لیے تیار ہوگیا تھا۔

