پاکستان کی فلم پروڈکشن کمپنی واکس ویژن کے سربراہ زید عزیر نے برطانوی کمپنی سم فلمز کے اشتراک سے مرحومہ بے نظیر بھٹو کی زندگی پرفلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔ فلم میں بے نظیر کا کردار بالی وڈ کی معروف اداکارہ سشمیتا سین ادا کریں گی۔ فلم کی عکس بندی پاکستان اور لندن میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ اور سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹوگذشتہ سال 27 دسمبر کو قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئی تھیں۔ بین ا لاقوامی سطح پر بے نظیر اتنی مقبول تھیں کہ اُن کے قتل کے فورا بعد اُن پرفلم بنانے کے لیے ہالی وڈ اور بالی وڈ کے فلم سازوں کی قطار لگ گئی۔ بقول ہدایت کار حنا رائے اِس فلم کے ذریعے دنیا کی سب سے طاقتور خاتون سیاسی لیڈر بے نظیر کی پیشہ ور اور ذاتی زندگی سے وابستہ تنازعوں کے ساتھ لندن میں پھیلے اُن کے سوشل نیٹ ورک کو بھی سنیمابینوں کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ فلم میں بے نظیر کے سیاسی سفر کی صحیش عکاسی کے لیے پی پی پی کی مدد لی جائے گی۔

ابھی تک فلم کے ٹائٹل کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم عارضی طور پر فلم کو ’سِمپلی بے نظیر’ کا ٹائٹل دیا گیا ہے۔ فلم کو انگریزی اور اردو ذبان میں ریلیز کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق فلم 2009ء تک سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

بے نظیر کے کردار کو فلمی پردے پر بخوبی ادا کرنے کے لیے سشمیتا نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ خبر ہے کہ وہ اردو زبان اور اُس کا تلفظ سیکھ رہی ہیں۔

اس سے قبل سشمیتا بھارت کی آزادی کے لیے جان نچھاور کر والی بے باک اوردلیر جھانسی کی رانی لکشمی بائی کی زندگی پر بننے والی فلم میں ملکہٴ حسن سشمیتا نہ صرف مرکزی رول کر رہی ہیں بلکہ وہ اِس فلم میں ہدایت کاری کے فرائض بھی نبھائیں گی۔

اپنے 12 سالہ فلمی سفر میں سشمیتا نے فلموں میں ٹیچر ، پولیس افسر ، وکیل ، ماڈل اور بیوی کے کردار بڑی محنت اور لگن سے نبھائے ہیں۔ تاہم بے نظیر کا کردار ان کے لیے چیلنج سے کم نہیں ہے۔ ممکن ہے بے نظیر پر بن رہی فلم سشمیتا کے بے جان فلمی کیریئر میں نئی روح پھونک دے۔

واضح رہے اس سال اب تک سشمیتا کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی ہے۔ تاہم وہ ٹیلی ویژن پر پاکستانی گیند باز وسیم اکرم کے ساتھ ریئلیٹی ڈانس شو ’ایک حسینہ ایک کھلاڑی ’ میں جج کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

بالی وڈ کے مقبول ترین فلم ساز مہیش بھٹ بھی پاکستانی ہدایت کار کے اشتراک میں بے نظیر کی زندگی پر فلم بنانے کے خواہش مند تھے۔ مہیش بھٹ نےتو بے نظیر کے رول کے لیے شبانہ اعظمی کے نام کا اعلان بھی کیاتاہم بے نظیر کےشوہر اور موجودہ صدر آصف زرداری کے اعتراض کے بعد یہ پروجیکٹ شروع ہونے سے پہلے ہی بند کردیا گیا۔