بھارتی زیرِ انتظام کشمیرمیں گذشتہ کئی ہفتے پُر امن گزرنے کے بعد سرگرم مسلمان عسکریت پسندوں اور بھارتی حفاظتی دستوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

صوبائی اسمبلی کے لیے عام انتخابات 26تاریخ کو ختم ہوئے، جو تمام قیاس آرائیوں اور خدشات کے برعکس پُر امن رہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طرفین کے درمیان سری نگر سے تقریباً 50کلومیٹرمغرب میں واقع سوپور اور سرحدی ضلع پونچھ میں ہونے والے مقابلوں کے دوران تین عسکریت پسند، دو بھارتی فوجی اور ایک عام شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

عہدے داروں کے مطابق پونچھ کے گھنے جنگل میں موجود عسکریت پسندوں کے خلاف جب فوج نے کارروائی شروع کی تو عسکریت پسندوں نے اُن پر خود کار ہتھیاروں  اور دستی بموں سے حملہ کر دیا۔ دو فوجی بھی مارے گئے۔بتایا جاتا ہے  کہ طرفین کے مابین  ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی شدید جھڑپ میں ایک جنگجو بھی ہلاک ہوگیا۔ سوپور کے ایک علاقے میں عسکریت پسندوں اور فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔