افغانستان کے جنوب میں ایک افغان پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے پانچ برطانوی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔

برطانوی محکمہ دفاع نے بدھ کو لندن سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ منگل کو ہلمند صوبے میں ایک فوجی احاطے میں پیش آیا جس میں چیک پوسٹ پر تعینات افغان سکیورٹی اہلکار نے خبردار کیے بغیربرطانوی فوجیوں پر گولیاں برسانا شروع کردیں۔

افغانستان میں تعینات برطانوی فوج کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان حکام کے ساتھ مل کر اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

دریں اثناء برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن نے اس واقعے پر شدید رنج کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فوجی نہ صرف افغانستان کو محفوظ بنانے کے لیے لڑ رہے تھے بلکہ برطانیہ کو پاک افغان سرحدی علاقوں سے لاحق دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرے سے بچانے کے لیے بھی مصروف عمل تھے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں تعینات برطانوی افواج کے لیے رواں سال سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے اور منگل کو ہونے والی ان ہلاکتوں کے بعد اس سال مرنے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد 94ہوگئی ہے۔