امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں بد عنوانیوں کی بھر مار کو ختم کرنے کی کوشش کے تحت جنگ سے تباہ حال ملک کے لیے اپنی امداد کے ٹھیکوں کو سختی کے ساتھ کنٹرول کرنا شروع کردے گا۔

گیٹس نے جمعے کے روز کینیڈا کے شہر ہیلی فیکس میں دفاعی امور پر ہونے والی بین الاقوامی سربراہی اجلاس شروع ہونے سے پہلے یہ بات کہی ہے۔گیٹس نے اعتراف کیا کہ افغانستان میں بین الاقوامی موجودگی کے دوران ترقیاتی کا موں کے ٹھیکوں کے ذریعےڈالر کی ریل پیل ہوئى ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ بدعنوانیوں کے انسداد کے لیے افغان کوششوں کی سب سے زیادہ موثر مدد اُس مقام پر کرسکتاہے جہاں، بقول اُن کے ”ہم چیک لکھتے ہیں۔“
 
گیٹس نے یہ بات کینیڈا کے وزیرِ دفاع پیٹر میک کے کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں افغان صدر حامد کرزئى کی حلف برداری کی تقریب کے ایک روز بعد کہی ہے۔ کرزئی کو اپنے ملک میں بد عنوانیاں ختم کرنے کے لیے زبردست بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے۔

 امریکی وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوجوں کی واپسی کے ٹھیک ٹھیک وقت کا انحصار بیشتر وہاں کے حالات پر ہے۔