افغان پولیس نے کہا ہے کہ جنوب مغربی افغانستان میں ایک خود کُش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑادیا اوراس طرح کم سے کم 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔

یہ دھماکا جمعے کے روزصوبے فرح کے صدر مقام فرح شہر کے ایک مصروف علاقے میں ہوا۔صوبائى گورنر روح اللہ نے کہا ہے کہ دھماکا اُن کے احاطے کے قریب ہوا۔ اُن کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کئى بچّے بھی شامل ہیں۔

 پولیس کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کم سے کم ایک پولیس افسر شامل ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ کئى زخمیوں کی حالت نازک ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اسی دوران پولیس نے کہا ہے کہ مشرقی صوبے خوست میں سڑک کے کنارے ایک بم کے دھماکے میں تین عام شہری ہلاک ہوگئے۔

ان حملوں سے ایک دن پہلے صدر حامد کرزئى نے دوسری معیادِ صدارت کے لیے اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا۔ صدر کرزئى نے حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا تھا کہ سکیورٹی کی صورتِ حال اُن کی انتظامیہ کے لیے ترجیحی معاملہ ہوگا، اور وہ افغانستان میں پانچ سال کے اندر اندر سکیورٹی کے ذمّے داریاں بین الاقوامی فوجوں سے افغان فوج کو منتقل کرنے کے لیے کام کریں گے۔